اُڈپی:15؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) ضلع میں امسال سیلاب وطغیانی سے کل 323.70کروڑ روپئے نقصان ہونے کا اُڈپی ضلع ڈپٹی کمشنر جی جگدیش نے مرکزی حکومت کی ٹیم کو جانکاری دی۔ ضلع میں امسال سیلاب وغیرہ سےہوئے نقصانوں کا معائنہ کرنے پہنچی مرکزی ٹیم ضلع کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرتےہوئے گھروں اور فصلوں کے نقصان کا جائزہ لیا۔
شیولّی کے پاس کدروعلاقہ اور شہرکو پانی سپلائی کرنےو الے بجے ڈیم ، بومربیٹو دیہی پنچایت حدود کے منائی میں پوری طرح برباد ہوئے تین گھر وں کا معائنہ کیا۔ کارکلا تعلقہ کے کوکوجے دیہات میں نقصان زدہ وینٹیڈ ڈیم ، برہماور تعلقہ کے نڈور دیہات کے قریب والے برج ، برہماور ۔ جناڑی سڑک اور کنداپور تعلقہ یکٹے میں سائکلون شلٹر کا دورہ کرتےہوئے نقصانات کاسروے کیا۔
ڈی سی جگدیش نے مرکزی ٹیم کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ستمبر کے مہینے میں عام طورپر 405ملی میٹر بارش ہوتی ہے مگر اس مرتبہ 1022ملی میٹر بارش ہوئی ہے یعنی قریب 152فی صد زائد بار ش ہوئی ہے۔اکتوبر 10سے 15تک 40ملی میٹر بارش کا پیمانہ ہے جب کہ اس مرتبہ 263ملی میٹر یعنی قریب 553فی صد زائد بارش برسی ہے، انہی وجوہات کی بنا پر زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔کل 77دیہات نقصانات سے متاثر ہوئے ہیں، 827خاندانوں کے 2874افراد کی حفاظت کی گئی ہے۔ 31بازآبادکاری مراکز کھولے گئے ہیں، جہاں 1201افراد پناہ لئے ہوئے ہیں۔ 3694گھرو ں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان سب نقصانا ت کا کل تخمینہ 323.70کروڑ روپئے ہونے کی جانکاری دی ۔
نقصان زدہ علاقوں کا دورہ کرنے سے پہلے ڈی سی دفتر ہال میں مرکزی ٹرانسپورٹ وزارت اور ہائی وے کے کمشنر سدانند بابو، مرکزی دیہی وزارت کے سکریٹری دیپ شیکھر سنگھال ، محکمہ روینیو کے سائنٹفک افسر سی این پربھو نے میٹنگ کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی رگھو پتی بھٹ، لال جی مینڈن ،ضلع پنچایت سی ای اؤ ڈاکٹر نوین بھٹ، ایس پی وشنو وردھن ، اپر ڈی سی سداشیو پربھو، کنداپور اے سی راجو وغیرہ موجود تھے۔